مغربی بنگال: چھیڑ خانی کی مخالفت کرنے پر فائرنگ - خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی
کانکی نارہ علاقے میں چھیڑخانی کے واقعے کے بعد فائرنگ اور بم سے حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے جگتدل تھانہ کے تحت کانکی نارہ میں خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کا واقعہ پیش آنے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
چھیڑخانی کی مخالفت کرنے پر شرپسندوں نہ صرف انہیں بری طرح سے مارا پیٹا بلکہ علاقے میں فائرنگ کی اور بم اندازی کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
فائرنگ اور بم اندازی سے علاقے میں دہشت پھیل گئی۔ وہیں اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے لیکن اس معاملے میں ملوث افراد کی ابھی تک گرفتاری نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 'پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس معاملے میں ملوث افراد کی تلاشی جاری ہے لیکن اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔'
وہیں خاتون کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ 'ایک پروگرام سے واپسی کے دوران چند منچلوں نے گھیر لیا اور بدتمیزی کرنے لگے۔ مخالفت کرنے پر شرپسندوں نے فائرنگ کردی. بم سے بھی حملہ کیا گیا. اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
انہوں نے فائرنگ اور بم سے حملہ کرنے کے معاملے میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔