مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بایاں محاذ اور پردیش کانگریس نے ایک ساتھ مل کر ترنمول کانگریس اور بی جے پی کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کو لیکر سمجھوتہ بھی ہو گیا ہے۔ دونوں پارٹیوں نے اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے آئندہ 28 فروری کو بریگیڈ ریلی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دن بایاں محاذ اور کانگریس کے علاوہ دوسری حلیف پارٹیوں کے لیڈرس بھی موجود ہونے کے امکانات ہیں جن میں انڈین سیکولر فرنٹ بھی شامل ہے۔
بی جے پی اور مذہبی سیاست کی مخالف دوسری پارٹیوں کو بھی اس دن مدعو کیا گیا ہے۔ اس دن کئی بڑے قومی رہنماؤں کو بھی بریگیڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ آر جے ڈی کے تیجسوی یادو سماجوادی پارٹی کے اکھلیش یادو کو ریلی سے خطاب کرنے کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔ بایاں محاذ کی جانب سے بریگیڈ ریلی میں راہل گاندھی یا پرینکا گاندھی کی موجودگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ لیکن پردیش کانگریس کی اطلاع کے مطابق اس دن اسٹیج پر کانگریس کے رہنما اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل ضرور موجود رہیں گے۔
آئی ایس ایف کی طرف سے نوشاد صدیقی یا عباس صدیقی کے موجود رہنے کی امید ہے۔ وہیں سی پی آئی ایم کی طرف سے خطاب کرنے والوں کی فہرست تیار ہے جس میں سیتا رام یچوری، محمد سلیم، سوریہ کانت مشرا، دیبولینا ہیمبرام شامل ہیں۔ ان کے علاوہ تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ مانک سرکار بھی موجود رہیں گے۔ ساتھ ہی سی پی آئی کی طرف سے سوپن بنرجی، آر ایس پی سے منوج گانگولی اور فارورڈ بلاک کی طرف سے ناراین چٹرجی خطاب کریں گے۔
بریگیڈ ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں کی جمع ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ بایاں محاذ اور کانگریس اتحاد کے مطابق دس لاکھ افراد کی بریگیڈ ریلی میں آمد کی امید ہے۔