بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سوپن داس گپتا نے راجیہ سبھا سے استعفی دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین وینکیا نائیڈو کے دفتر بھیج دیا ہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں سوپن داس گپتا کو امیدوار بنایا ہے۔ سوپن داس گپتا کو ہگلی ضلع کی تارکیشور سیٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔
ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے اس بارے میں سوالات اٹھائے۔ آئین کے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے داس گپتا کی نامزدگی کو برخاست / نااہل کرنے کا مطالبہ کیا۔
داس گپتا کو پیر کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی نے تارکیشور سیٹ سے نامزد کیا تھا۔ اس کے علاوہ بی جے پی نے مرکزی وزیر بابل سپریو کو بھی میدان میں اتارا ہے۔ ٹالی گنج اسمبلی سیٹ سے سپریو کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
بی جے پی کی جانب سے نامزد ہونے کے بعد سوپن داس گپتا نے کہا کہ ان کی پارٹی مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے 'سنڈیکیٹ راج' کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے 'سونار بنگال' (سنہرہ بنگال) بنانے میں 'مالی مدد' دینے اور بی جے پی کی مدد کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب ریاست کی صورتحال سے واقف ہیں۔ تشدد اور غیرقانونی بازیافت کا ماحول ہے۔ ہم اسے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بی جے پی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ بنگال کے عوام سکون سے زندگی گزاریں۔