ریاست مغربی بنگال میں حزب اختلاف کا رہنما بننے کے بعد شھبندو ادھیکاری نے اپنی سابقہ پارٹی اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پر سیاسی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بعد سے جاری سیاسی تصادم کے لئے ممتابنرجی کی حکومت اور ان کی پارٹی ترنمول کانگریس ذمہ دار ہے۔
بی جے پی رہنما کے مطابق الیکشن کے بعد بنگال میں سیاسی تصادم عام بات ہے لیکن اس مرتبہ تمام حدیں پار ہوگئی ہیں۔ ترنمول کانگریس حامی بی جے پی کے کارکنان کو خطرناک طریقے سے ہدف بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں جاری سیاسی تصادم کے خلاف اس وقت تک اپنی آواز بلند کرتا رہوں گا جب تک مظلوموں کو انصاف نہ مل جائے۔ حزب اختلاف کے رہنما شھبندو ادھیکاری نے کہا کہ اسمبلی میں ایک ایماندار حزب اختلاف کے رہنما کا رول ادا کروں گا لیکن حکومت کی غلطیوں کے خلاف آواز بلند کرتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں سیاسی جھڑپوں کے دوران اب تک 25 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ مرکزی حکومت، وزارت داخلہ اور گورنر کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اب ان کے جواب کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کولکاتا کے ہسٹنگ میں واقع بی جے پی کے ریاستی ہیڈ کوارٹر میں شھبندو ادھیکاری کو اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما بنانے کا سرکاری طور پر اعلان کیا گیا۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 میں بی جے پی 77 سیٹوں کے ساتھ مضبوط اپوزیشن جماعت کے طور پر ابھری ہے۔