مغربی بنگال کے جنگل محل سے مرکزی فورسز کو دوسری ریاستوں میں منتقل کرنے پر ریاستی حکومت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نبنو سے موصولہ اطلاع کے مطابق مرکزی حکومت نے مرکزی فورسز کی آٹھ کمیٹیوں کو پہلے ہی بہار اسمبلی انتخابات کے لیے منتقل کر دیا ہے، اس کے ساتھ ہی مرکزی فورسز کو چھتیش گڑھ منتقل کیا جا رہا ہے، ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں مرکزی فورسز کی جنگل محل سے دوسری ریاستوں میں منتقلی تشویش کا باعث ہے۔
نبنو کے مطابق مرکزی فورسز کی مدد سے جنگل محل میں امن و امان قائم کیا گیا ہے، اس کے لیے ریاستی حکومت نے برسوں جی توڑ محنت کی ہے، دوسری طرف مرکزی فورسز کی غیر موجودگی سے ماؤنوازوں کے ایک بار پھر سے سرگرم ہونے کا خطرہ ہے، اس سے جنگل محل کی عوام کو بڑی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ماؤنوازوں کا گروپ دوسرے نام سے سرگرم ہو رہا ہے، دوسرے گروپ بھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے پرولیا، بانکوڑہ، مشرقی مدنی پور، مغربی مدنی پور کے اضلاع کو جنگل محل کہا جاتا ہے، بائیں محاذ کے دور حکومت میں اس علاقے میں ماؤنواز کافی سرگرم تھے، ان اضلاع میں ماؤنوازوں کا کافی خوف تھا، ممتا بنرجی کی حکومت بننے کے بعد جنگل محل سے ماؤنوازوں کا صفایا کیا گیا، گزشتہ چند برسوں کے دوران ان علاقوں میں ماؤنواز دوسری ریاستوں میں چلے گئے تھے۔