کولکاتا: بھارت کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں 27ویں رمضان کے موقع پر تراویح میں قرآن کی تلاوت مکمل ہوئی۔ اس موقع پر ریاست کی تمام مساجد میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شمالی 24 پرگنہ کے گارولیا ٹاؤن میں واقع نوری مسجد، ربانی مسجد سمیت دیگر مساجد بعد نماز عشاء قرآن مکمل ہونے پر مساجد انتظامیہ کی جانب سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ Special Program Held in Across West Bengal On The eve of 27th Ramzan
گارولیا ٹاؤن کے واحد مدرسہ عربیہ ملیہ کے سربراہ مولانا جہانگیر مصباحی نے کہا کہ رمضان اللہ کا ایک انمول تحفہ ہے۔ روزے کے دوران انسانوں کو اپنے آپ کو کنٹرول میں رکھنے کا غیر معمولی اور سب سے خوبصورت ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں ہم نماز کے پابند ہو جاتے ہیں۔ اس کے بعد ہم دور ہو جاتے ہیں۔ ہمیں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے بعد بھی مساجد کو آباد کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم جب مساجد سے دور ہوئے تو انہیں ہدف بنایا گیا۔ خواتین کی تھوڑی سی عدم توجہی کے سبب چند لوگ حجاب کو ہدف بنانے لگے۔ ہمیں مساجد کو آباد کرنے اور خواتین کے حجاب دونوں کے بارے میں سنجیدگی سے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ تعلیم سے مستقبل سنوارے گا۔ تعلیم کے بغیر ہم کسی منزل تک پہنچ نہیں سکتے ہیں۔
گارولیا ٹاؤن کے لینن نگر میں واقع ربانی مسجد میں ختم تراویح کے موقع پر حافظ قرآن محمد غفران احمد نوری نے کہا کہ دو برس بعد بغیر کسی بندش کی عید منائیں گے اس سے زیادہ خوشی کی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سے اپیل ہے کہ اس کے باوجود ہم تمام تر احتیاط کے ساتھ عید منائیں گے۔ عید منانے کے دوران قومی یکجہتی کی مثال پیش کریں گے تاکہ ہماری عید مثالی بن سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ چاند رات اور عید کے موقع پر مہذب طریقے سے پیش آئیں اور حضور حضرت محمدﷺ کے بتائے ہوئے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کریں۔