مغربی بنگال میں یاس نامی طوفان کی پیشین گوئی کے مدنظر شمالی 24 پرگنہ اور جنوبی 24 پرگنہ کے ساحلی علاقے خلیج بنگال سے متصل اضلاع جنوبی 24 پرگنہ اور شمالی 24 پرگنہ ہائی الرٹ پر ہیں۔
ذرائع کے مطابق جنوبی 24 پرگنہ اور شمالی 24 پرگنہ کے ماہی گیروں کو آئندہ 72 گھنٹوں تک کشتی، ٹرالر وغیرہ کو سمندر میں نہیں اتارنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
خلیج بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ میں واقع بھارتی بحریہ کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق جنوبی 24 پرگنہ اور شمالی 24 پرگنہ سمیت سمندر سے متصل اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے ماہی گیروں کو سمندر میں زیادہ دور نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ہوائی جہازوں کے ذریعہ ان ماہی گیروں پر نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ وقت رہتے وہ واپس آ سکیں۔ ذرائع کے مطابق طوفان میں ان ہی دو اضلاع کو سب سے زیادہ نقصان ہونے کا خطرہ ہے۔ اس لئے ان علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز علی پور محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال میں خطرناک طوفان کی پیشین گوئی کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ خلیج بنگال میں ہواؤں کا دباؤ گہرا ہو چکا ہے۔ آج رات ریاست میں طوفان کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ 25 مئی کی رات اور 26 مئی کی صبح یاس نامی طوفان مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ اس دوران 140 سے 150 کیلو میٹر کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
دوسری طرف گزشتہ کل سے ہی یاس نامی طوفان کی پیشین گوئی کے مدنظر شمالی 24 پرگنہ اور جنوبی 24 پرگنہ کے ساحلی علاقوں میں آباد باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق خلیج بنگال میں ہواؤں کا دباؤ بننے کے سبب سے یاس (yaas) نامی طوفان آئندہ 26 مئی کو مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع سے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق مغربی بنگال میں 23 مئی سے ہلکی بارش شروع ہوچکی ہے جو 24 اور 25 مئی تک جاری رہے گی۔
مزید پڑھیں:
'گردابی طوفان یاس' سے نمٹنے کے لیے تیاریاں زورو شور سے جاری
واضح رہے کہ گزشتہ سال 2020 میں امپھان نامی طوفان سے سمندر سے متصل اضلاع میں بھیانک تباہی ہوئی تھی جس میں درجنوں لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ جب کہ سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے تھے۔