مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلا رہے راکیش ٹکیت سمیت دیگر کسان رہنماؤں نے آج نبنو میں وزیر اعلی ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ ممتا بنرجی نے کسان راہنماؤں سے میٹنگ کے بعد کہا کہ ان سب سے اہم مقصد 2024 میں نریندر مودی کو دہلی کے اقتدار سے بے دخل کرنا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے سنگور اور نندی گرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسانوں کی تحریک کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم کسانوں کے ساتھ ہیں۔ کسانوں کی تحریک میں مزید شدت لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر دوسری ریاستوں کے وزراء اعلی سے میں بات کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے طاقت کا استعمال کر کے زرعی قوانین پاس کرایا ہے۔
گذشتہ سات ماہ سے تحریک جاری ہے لیکن پھر بھی حکومت کا کوئی نمائندہ ان سے ملنے نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا ملک کے وفاقی نظام کی بقا کے لیے تمام ریاستوں کو متحد ہونا پڑے گا، کسی ایک ریاست کے ساتھ نا انصافی ہونے پر سب ایک ساتھ مل کر مرکزی کے خلاف محاذ آرائی کریں۔
ترنمول کانگریس 2024 لوک سبھا الیکشن کو مد نظر رکھتے ہوئے سرگرم ہو چکی ہے۔ صرف زبانی طور نہیں بلکہ زمینی سطح پر کام شروع کر چکی ہے۔
ابھیشیک بنرجی کو ترنمول کانگریس کا قومی جنرل سیکریٹری بنایا گیا ہے تاکہ دوسری ریاستوں پارٹی کو مستحکم کیا جائے۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد اب ترنمول کانگریس کی نظریں دہلی کے اقتدار پر ہیں۔