عدالت کو سی بی آئی نے بتایا کہ راجیو کمار فرار ہیں.
شاردا چٹ فنڈ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے سی بی آئی، کولکاتا کے سابق پولیس کمشنر راجیو کمار کو تلاش کر رہی ہے۔
سی بی آئی نے راجیو کمار کی رہائش گاہ پر جا کر ان کو سی بی آئی دفتر میں حاضر ہونے کے لیے سمن دیا تھا لیکن وہ کہاں ہیں اس کی کوئی خبر نہیں۔
اس کے بعد سی بی آئی نے اسٹیٹ سکریٹریٹ نبنو جا کر محکمہ داخلہ امور سے راجیو کمار سے متعلق جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی، جہاں انہیں بتایا گیا کہ راجیو کمار 17 روز کی چھٹی پر ہیں۔
راجیو کمار کی گرفتاری پر اب عدالت نے پابندی ہٹالی ہے تب بھی ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔
ان کے وکیل نے بارہ سات ضلع عدالت میں پیشگی ضمانت کے لیے اپیل کی تھی لیکن بارہ سات ضلع عدالت نے معاملے کی سماعت سے یہ کہتے ہوئے انکار کردیا تھا کہ یہ ان کے اختیار میں نہیں ہے۔
اس معاملے کی شنوائی علی پور عدالت میں جاری ہے۔ سی بی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ راجیو کمار کو سمن بھیجا گیا تھا لیکن وہ حاضر نہیں ہو رہے ہیں۔ یہ مجرمانہ سازش ہے۔
ہائی کورٹ نے ان کو تعاون کرنے کی ہدایت دی ہے لیکن وہ کہاں ہیں کسی کو نہیں معلوم، ان کو نوٹس بھیجا گیا لیکن ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے۔
راجیو کمار فرار ہیں. علی پور عدالت میں شنوائی جاری ہے۔ جسٹس سبرتو مکھرجی نے اس معاملے کی شنوائی کے دوران اس معاملے سے جڑے لوگوں کو بھی حاضر رہنے کی اجازت دی ہے.