ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے (national monetization policy)ملک کے تمام منافع بخش سرکاری اداروں کو نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
یوتھ کانگریس کے سینکڑوں حامیوں نے مرکزی حکومت کے نجی کاری کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے جلوس کا اہتمام کیا۔ یہ جلوس براہمستان سے ہوتے ہوئے ٹیٹاگڑھ بازار سے گزر کر تھانے کے سامنے پہنچا۔
یوتھ کانگریس کے سینکڑوں حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی اور وزیر خزانہ کا پتلا نذر آتش کیا۔
یوتھ کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت ملک کے تمام منافع بخش اداروں کو نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس سے ملک کو زبردست نقصان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:دوارے سرکار اسکیم سے ایک کروڑ افراد کے جڑنے پر ممتا کا اظہار خوشی
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے فیصلے سے چند مخصوص نجی کمپنیوں کو فائدہ پہنچے گا لیکن اس کے ساتھ ساتھ بے روزگاری میں بھی اضافہ ہو گا۔
ٹیٹاگڑھ یوتھ کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایک فیصلے کے سبب ہزاروں لوگوں کی نوکری چلی جائے گی. اس کی ذمہ داری لینے والا کوئی نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شمالی 24 پرگنہ کے تمام اہم علاقوں میں مرکزی حکومت کے منافع بخش اداروں کو نجی کمپنیوں کے حوالے کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔