شمالی 24 پرگنہ کے بشیرہاٹ ایک نمبر بلاک کے نومنتخب ترنمول کانگریس کے بلاک صدر نذرالحق کو اپنی ہی پارٹی کے کارکنان کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے تنظمی ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممتا بنرجی کی ہدایت پر پارٹی میں ردو بدل کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک پارٹی اور ایک عہدہ کے تحت تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی کرنے کا اعلان کیا۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں ترنمول کانگریس کے کئی رہنماؤں کو ان کے عہدے سے ہٹا کر نئے چہروں کو ذمہ داریاں سونپے کا کام جاری ہے۔
اسی درمیان مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے بشیرہاٹ ایک نمبر بلاک کے نومنتخب ترنمول کانگریس کے بلاک صدر نذرالحق کو اپنی ہی پارٹی کے کارکنان کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
ترنمول کانگریس کے کارکنان نے شاہین منڈل کو ان کے پرانے عہدے پر دوبارہ بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے نذرالحق کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔
ترنمول کانگریس کے سابق بلاک صدر شاہین منڈل کے 123 حامیوں نے نومنتخب بلاک صدر نذرالحق کی مخالفت کرتے ہوئے اجتماعی طور پر استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ تمام کارکنان نے ضلع ترنمول کانگریس کے صدر کو اجتماعی استعفیٰ نامہ ارسال کر دیا ہے۔
دوسری طرف ترنمول کانگریس کے بلاک صدر نذرالحق نے کہا کہ 'پارٹی میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کیا جا رہا ہے پارٹی کی سربراہ ممتابنرجی اور جنرل سیکرٹری ابھیشک بنرجی نئے چہروں کو بڑی بڑی ذمہ داریاں سونپ رہے ہیں۔ ان کے فیصلے کی مخالفت کرنے کا مطلب پارٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مالدہ: موسم بے نظیر نور کو دوبارہ ضلع صدر بنانے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ 'ممتابنرجی نے انہیں بلاک صدر نامزد کیا ہے۔ بشیرہاٹ ترنمول کانگریس کے تمام رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر آکر ترقیاتی منصوبوں کو عوام تک پہنچانے میں اہم رول ادا کرنا چاہیے۔'
بشیر ہاٹ ترنمول کانگریس کے بلاک رہنماؤں روبیل اسلام، رفیق غازی، شمشاد خان، مطہرالرحمان اور شبنم پروین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ 'وہ شاہین منڈل کو دوبارہ صدر بنانے کی حمایت کرتے ہیں۔'
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری ابھیشک بنرجی کے تنظیمی ڈھانچے میں تبدیلی کے فیصلے کے خلاف صدا بلند ہونے لگی ہے۔