مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے کے بعد عوام کو تیسری لہر سے نجات دلانے کی تیاریاں زوروں پر جاری ہے۔
ریاستی حکومت اور محکمہ صحت نے کورونا وائرس کی تیسری لہر کے مدنظر عوام سے نہ صرف کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے بلکہ ویکسینیشن کا حصہ بننے کی بھی اپیل کی ہے۔
کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر جنوبی 24 پرگنہ کے نواب واجد علی شاہ کی تاریخی نگری میٹیابرج، مسلم اکثریتی اسمبلی حلقہ بھانگوڑ، کیننگ، سونار پور، ڈائمنڈ ہاربر اور بروئی پور کے محکمہ ہسپتالوں میں آکسجین پلانٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق چند دنوں میں ان ہسپتالوں میں آکسجین پلانٹ قائم کرنے کا کام شروع ہو جائے گا۔ تیسری لہر سے پہلے ان ہسپتالوں میں آکسجین پلانٹ کام کرنا شروع کر دے گا۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر مکمل طور پر قابو میں آنے کے بعد ساڑھے پانچ سو کے قریب یومیہ کیسز کی تصدیق ہورہی ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 15 لاکھ 42 ہزار 942 تک پہنچ چکی ہے، اب تک 15 لاکھ 15 ہزار 161 لوگ اس بیماری سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ اس طرح ریاست میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد اب تک 18 ہزار 386 تک پہنچ چکی ہے۔ تمام اضلاع میں کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہے۔