مغربی بنگال کے گورنر نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ”آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران قابلیت کی بنیاد پر بنتے ہیں اور وہ حکومت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ مغربی بنگال میں ایسے بہت سارے قابل افسر موجود ہیں۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان سب کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ جو افسران سیاسی پیادے بننے کے لیے تیار ہیں، وہ آگے ہیں اور مشیروں کا رعب برداشت کرتے ہیں۔ جگدیپ دھنکر نے افسران سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ اب وقت آگیا ہے جب آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کو اس بیماری پر دھیان دینا چاہئے۔ اس کی وجہ سے سیاسی غیرجانبداری ختم ہوجاتی ہے، قانون اور آئین کی حکمرانی بھی برقرار نہیں رہتی ہے۔
جگدیپ دھنکر نے کہا کہ اس کے نتیجے میں 'پولیس اسٹیٹ' گورننس کا اطلاق لامحدود غیر آئینی طریقے سے کیا جاتا ہے اور جمہوری ڈھانچہ تباہ ہوجاتا ہے۔ گورنر نے اس ٹوئیٹ کو ممتا بنرجی کو بھی ٹیگ کیا ہے۔ انہوں نے اس پر بس نہیں کیا بلکہ آگے لکھا ہے کہ ”افسوس،خوف ذہن میں بیٹھا ہے“اور ”شرم سے سر جھک گیا“۔
ممتا بنرجی کو ٹیگ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ امن و امان ہے، انسانی حقوق کی صورتحال ہے یا سیاسی انتقام ہے۔ ”حکومت میں بیٹھے لوگوں کی مدد سے ماؤنوازوں کو فروغ دیاجارہا ہے، غیرقانونی طور پر بم کی صنعت ترقی کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوامی ویویکانند مشہور قول بھی نقل کیا ہے کہ ”ویویکانند کو یاد رکھنا چاہئے کہ”جاگو اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے“۔خیا ل رہے کہ 2019جولائی میں عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی گورنر اور ممتا بنرجی کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔گورنر بر سر عام ممتا حکومت کی تنقید کا کوئی موقع ضایع نہیں کرتے ہیں جب کہ ترنمول کانگریس گورنر پر بی جے پی کا ایجنٹ ہونے کاالزام عاید کرتے ہیں۔