مغربی بنگال کے شمالی 24پرگنہ کے ٹیٹا گڑھ تھانہ کے سامنے ترنمول کانگریس کے سنئیر رہنما اور وزیر فرہاد حکیم کی قیادت میں امن ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں ٹیٹا گڑھ اور اس کے اطراف میں رہنے والے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ جس میں ترنمول کانگریس کے حامیوں کے علاوہ عام لوگوں نے بھی شرکت کی جن کا کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔
ریاستی وزیر فرہاد حکیم نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام لوگوں کو بی جے پی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمان، رکن اسمبلی اور دوسرے رہنماوں نے شمالی 24 پرگنہ کو نفرت کی سیاست کی آگ میں جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
کولکاتا میونسپل کارپوریشن بورڈ کے سربراہ فرہاد حکیم کا کہنا ہے کہ بنگال میں نفرت کی سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ بی جے پی لاکھ کوشش کرلے انہیں کامیابی ملنے والی نہیں ہے۔
فرہاد حکیم کے مطابق لوگوں کو ڈرا دھمکا کر لمبے عرصے تک اقتدار میں رہا نہیں جاسکتا ہے۔ بنگال میں بی جے پی کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہونے والا ہے۔
ترنمول کانگریس کے سینئیر رہنما فرہاد حکیم کی امن ریلی بی جے پی کے احتجاجی جلوس کے جواب میں نکالی گئی ہے۔ اس سے قبل بی جے پی نے منیش شکلا کےقتل کے خلاف احتجاجی جلوس کا اہتمام کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ٹیٹا گڑھ تھانے کے سامنے نامعلوم افراد کے حملے میں بی جے پی کے رہنما اور کاؤنسلر منیش شکلا کی موت ہوگئی تھی۔