کولکاتا: مغربی بنگال کے مرشدآباد ضلع کے بہرامپور سے کانگریس کے رکن پارلیمان ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ پہلے ریاستی حکومت نے دی کیرالہ اسٹوری پر پابندی عائد کی۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے پابندی پر روک لگا دی۔ ترنمول کانگریس بھی اس فلم کو لے کر سیاست کر رہی ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمان ادھیر چودھری نے کہا کہ اس ڈیجیٹل، انٹرنیٹ کے دور میں فلموں پر پابندی لگا کر لوگوں کو فلم دیکھنے سے نہیں روکا جا سکتا ہے۔ لوگوں نے ایک بار فلم دیکھنے کے بارے میں سوچ لیا تو سینما گھروں تک ضرور جائیں گے۔ انہیں کوئی بھی روک نہیں سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت والی ریاستی حکومت نے فلم پر پابندی عائد کر کے لوگوں میں اس فلم سے متعلق دلچسپی بڑھا دی ہے۔ انہوں نے ترنمل کانگریس کی حکومت پر اس فلم کو لے کر سیاست کرنے کا الزام لگایا۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے دی کیرالہ اسٹوری کو دیکھی ہے اور آپ بھی اسے دیکھ سکتے ہیں۔ آپ کیرالہ کی ایک ہزار کہانیاں بھی دکھائیں تو بنگال میں کچھ نہیں ہوگا۔ یہ ایک پروپیگنڈا فلم ہے۔چند لوگ اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے مغربی بنگال میں دی کیرالہ اسٹوری پر پابندی پر روک لگادی ہے۔اس کے ساتھ ہی دی کیرالہ اسٹوری کی بنگال میں نمائش کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ممتا بنرجی کی حکومت نے امن وامان کا حوالہ دیتے ہوئے 'دی کیرالہ سٹوری' کے بنگال کے کسی بھی سنیما ہال میں نہیں دکھائے جانے کی ہدایت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: The Kerala Story Controversy دی کیرالہ اسٹوری پرعائد پابندی عدالت کے ہٹانے سے حکومت کی ذمہ داری کم ہوگئی، ترنمول
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ اس فلم کو لے کر حالات خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔یہ پابندی 8 مئی کو نافذ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ممتا بنرجی کے فیصلے کو لے کر کافی بحث شروع ہو گئی۔ فلم ساز نے ان پر پابندی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔سپریم کورٹ نے اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ 'دی کیرالہ اسٹوری' ملک کی تمام ریاستوں میں دکھائی جا رہی ہے۔ کہیں سے بدامنی کی خبر نہیں آئی ہے۔ بنگال میں کسی بدامنی کی کوئی نظیر نہیں ملتی کیونکہ فلم تین دن تک چل رہی ہے۔ اس لیے ریاستی حکومت کی پابندی کو فی الحال معطل کر دیا جاتا ہے۔