ریاست مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل روز بروز سیاست میں نئی چیزیں سامنے آ رہی ہیں۔ اس دوران مختلف سیاسی رہنماؤں کے پارٹی بدلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
جہاں ایک طرف مسلسل ترنمول کانگریس کے رہنما بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ وہیں دوسری جماعتوں کے رہنما اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔
حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی طرف سے دعوی کیا گیا کہ ایم آئی ایم کے ریاستی صدر شیخ عبدالکلام اپنی پارٹی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں۔
اس خبر کی تردید کرتے ہوئے ایم آئی ایم مغربی بنگال کے انچارج ضمیر الحسن منڈل نے کہا کہ ترنمول کانگریس جس شخص کے بارے میں دعوی کر رہی ہے کہ وہ ایم آئی ایم کا ریاستی صدر ہے یہ بالکل بے بنیاد ہے۔
شیخ عبد الکلام ہماری پارٹی کا رکن بھی نہیں ہے۔ دو برس قبل ہی ہم نے اس کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔ وہ یو ایس پی نام کی ایک پارٹی کا رکن ہے۔ترنمول کانگریس ہمارے خلاف سازش کر رہی ہے۔ کسی کو بھی ایم آئی ایم کا صدر و رکن بتا رہی ہے۔ ترنمول کانگریس ایم آئی ایم کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔