مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی نے منگل کو کہا کہ وہ نندی گرام سیٹ سے بڑی جیت کے لئے پراعتماد ہیں اور ان کی پارٹی تیسری مرتبہ بنگال کے اقتدار میں پہنچے گی-
روڈ شو کو مخاطب کرتے ہوئے ٹی ایم سی سپریمو نے الزام لگایا کہ بی جے پی کارکنان نندیگرام میں رائے دہندگان کو راغب کرنے کے لئے مرکزی فورسیس کی گاڑیوں کا استعمال کرکے رقم بانٹ رہے ہیں۔
ممتا نے کہا کہ مجھے اطلاع ہے کہ گاڑیاں مرکزی فورسیس کی ہیں، پیسہ بانٹ رہی ہیں اور دیہاتیوں کو خوفزدہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دیگر ریاستوں کے بی جے پی رہنما کلکتہ کے ہوٹلوں سے رقم تقسیم کررہے ہیں۔ میں آپ سب سے گزارش کروں گی کہ وہ بی جے پی کو مناسب جواب دیں۔
بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کا منصوبہ ہے کہ وہ بہار اور یوپی سے لائے ہوئے غنڈوں کے ذریعہ اپنی ہی پارٹی کی ایک خاتون کو قتل کریں اور اس کا الزام بنگال پر ڈال دیں۔ یہ ان کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں سے پولیس فورسیس کو نندی گرام اسمبلی سیٹ میں ووٹرز کو 'دہشت زدہ' کرنے کے لئے لایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سونا چورا میں جلسہ عام میں بنرجی نے کہا تھا 'نندیگرام میری جگہ ہے اور میں اسے نہیں چھوڑوں گی۔
یو این آئی