نیتا جی سبھاش چندر بوس کی 125 ویں یوم پیدائش پر ممتا بنرجی کے ذریعہ ملک میں چار قومی راجدھانی بنائے جانے پر سی پی آئی ایم نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مطالبہ بھارت کے آئین کے منافی ہے۔
ریاستی ہیڈکوارٹر کولکاتا میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی آئی ایم کے سینیئر رہنما محمد سلیم نے کہا کہ برطانوی دور حکومت میں اس طرح کا انتظام کیا گیا ہے۔ ملک کی آزادی کے بعد دہلی کو ہی راجدھانی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا مطالبہ آئین کے مطابق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ ممتا بنرجی نے صرف دہلی میں ہی اقتدار محدود رہنے پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ ملک میں چار دارالحکومت ہونا چاہیے۔ اس میں سے ایک کولکاتا میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے میں ممتا بنرجی صرف سیاست کر رہی ہیں۔
محمد سلیم نے کہا کہ نیتاجی کے یوم پیدائش پر مذہبی نعرے بلند کیا جانا محب وطن کی توہین ہے۔ نیتا جی تمام مذاہب کے حامل عام ہندوستانیوں کے لئے ایک سیکولر سوشلسٹ ملک کی تعمیر چاہتے تھے۔ ان کے یوم پیدائش پر اس طرح کے نعرے لگاکر نیتاجی کے نظریہ کی توہین کی گئی ہے۔