کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ملک کی مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ میں سب سے غریب ہیں۔ ملک کی 30 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ میں ممتا بنرجی کی جائیداد سب سے کم یعنی صرف 15 لاکھ روپے ہے۔ یہ معلومات 28 ریاستوں اور 2 مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کی طرف سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے حلف نامے پر مبنی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ وہیں جموں و کشمیر میں فی الحال کوئی وزیر اعلیٰ نہیں ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سب سے امیر وزیراعلیٰ آندھرا پردیش کے جگ موہن ریڈی ہیں، ان کی کل جائیداد تقریباً 510 کروڑ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (ADR) ملک میں مختلف سیاسی جماعتوں و انتخابی نتائج اور دیگر کاموں کو انجام دیتا ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی جائیداد سے متعلق معلومات حال ہی میں اسی تنظیم کی رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ یہ رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا اس وقت ملک کی واحد وزیر اعلیٰ ہیں جن کے اثاثے ایک کروڑ روپے سے بھی کم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Oppositions Front Against BJP بی جے پی مخالف اتحاد میں شامل ہونے کی ممتابنرجی کو دعوت
فہرست کے مطابق ممتابنرجی کے بعد کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنار وجین کے پاس سب سے کم اثاثے ہیں۔ ان کے اثاثوں کی رقم ایک کروڑ روپے سے کچھ زیادہ ہے۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر کے پاس بھی تقریباً ایک کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیدادیں ہیں۔ اے ڈی آر کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پریما کھانڈو امیر ترین وزیر اعلیٰ کی فہرست میں آندھرا کے وزیر اعلیٰ کے بعد یعنی دوسرے نمبر پر ہیں۔ وہ 163 کروڑ روپے سے زیادہ کی جائیداد کے مالک ہیں۔ اوڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک کے کل اثاثے 63 کروڑ ہیں۔