مغربی بنگال میں بچوں کی اموات پر سیاست کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ اپوزیشن رہنما اور گورنر نے اس معاملے میں حکومت کی تنقید کی ہے۔ شوبیندھو ادھیکاری نے مرکزی حکومت کو خط بھی لکھا ہے۔ اسی کے تناظر میں ممتا بنرجی نے فوری جانچ کی ہدایت دی ہے۔ ایک ہی وقت میں اسکول آف ٹراپیکل میڈیسن اور شمالی بنگال میں گورنمنٹ لیب اس بخار کے وائرس کی جانچ کررہی ہے انہیں فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی محکمہ صحت پہلے ہی بخار کا علاج کرنے کے لیے ایس او پی تیار کرچکا ہے اسے ہسپتالوں میں بھیجا جائے گا۔
جمعہ کو مزید دو بچے کی مالدہ اسپتال میں موت ہوگئی ہے۔ اس سے مزید خدشات بڑھ گئے ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں مالدہ میں کل پانچ بچوں کی موت ہوئی ہے۔ آج کلکتہ سے صحت کے پانچ ماہرین کی ایک ٹیم شمالی بنگال کا دورہ کررہی ہے۔ انہوں نے سلی گڑی ڈسٹرکٹ ہسپتال، نارتھ بنگال میڈیکل کالج اور اسپتال کا دورہ کیا۔
مزید پڑھیں: ممتا بنرجی نے ڈاکٹروں سے ملاقات کی
ریاستی سکریٹری صحت نارائن سوروپ نگم نے کہاتھا کہ جانچ کے بعد اس بخار کی نوعیت معلوم ہوگئی ہے۔ یہ مجموعی طور پر موسمی بخار ہی ہے۔ اس بخار سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ زیادہ تر بچے انفلوئنزا بی اور آر ایس وائرس سے متاثر ہوتے ہیں۔ مرنے والوں کو دیگر جسمانی پریشانیوں کا سامنا ہے۔
یواین آئی