مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ ٹی ایم سی اور بی جے پی کے مابین زبردست جنگ چھڑی ہوئی۔ اس دوران سماجوادی پارٹی رہنما جیا بچن ٹی ایم سی کی حمایت میں انتخابی تشہیری مہم میں حصہ لینے کے لیے کولکاتا پہنچیں جہاں ترنمول بھون میں ان کا استقبال کیا گیا۔
جیا بچن نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ 'ممتا بنرجی مغربی بنگال کے عوام کے جمہوری حقوق کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہیں۔ اس لیے عوام کو چاہیے کہ ممتا کا بھرپور ساتھ دیں۔
جیا بچن نے کہا کہ ممتا بنرجی کی قیادت میں مغربی بنگال میں کافی ترقی ہوئی ہے اور اگر وہ اس بار بھی وزیراعلیٰ بنتی ہیں تو ریاست کی ترقی کو چار چاند لگا دیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو کے کہنے پر ٹی ایم سی کی حمایت کرنے آئی ہیں۔
اپنے تین روزہ دورے میں جیا بچن ٹی ایم سی امیدواروں کے لیے روڈ شو اور جلسوں میں خطاب بھی کریں گی۔
جیا بچن نے کہا کہ میں بنگال کی بیٹی ہوں اور میں یہاں اداکاری کرنے نہیں بلکہ اپنے من کی بات کرنے آئی ہوں۔ میری پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے مجھے کہا کہ ہم ترنمول کانگریس کی حمایت کر رہے ہیں۔ اسی لیے میں یہاں آئی ہوں اور دوسری بات یہ کہ میں ممتا بنرجی کی حامی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاتون جو تنہا ہی تمام تر ظلم و زیادتی کے خلاف لڑ رہی ہیں۔ ان کے مخالفین انہیں شکست دینے کی کافی کوششیں کر رہے ہیں لیکن وہ ناکام ہوجائیں گے اور مجھے یقین ہے کہ ممتا دیدی ایک بار پھر اقتدار حاصل کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ بنگالیوں کو کوئی بھی خوفزدہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوا اور نہ ہی ہوگا۔ جیا بچن نے رابندر ناتھ ٹیگور کی مشہور نظم بنگلہ ماٹی بنگلہ بایو بنگلہ پھل بھی سنائی۔