مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کے دہلی پہنچنے پر ملک کی سیاست میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے۔
حزب اختلاف کی کئی پارٹیاں بی جے پی کے خلاف ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی قیادت میں تھرڈ فرنٹ (تیسرا محاذ ) میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔
اسی درمیان ترنمول کانگریس کے رہنما اور رکن پارلیمان ابو طاہر خان چودھری نے کہا کہ 'وزیراعلیٰ ممتا بنرجی ہی بی جے پی کے خلاف مضبوط اتحاد قائم کر سکتی ہیں'۔ ابو طاہر خان نے کہا کہ اسمبلی انتخابات-2021 میں دیدی (ممتابنرجی) نے جس طرح سے کامیابی حاصل کی ہے، اس سے ملک کی دوسری سیاسی جماعتوں کو وزیراعلیٰ ممتا بنرجی سے امید وابستہ ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سب کچھ منصوبے کے تحت چلتا رہا تو ملک کی سیاست میں بڑی تبدیلی ہوسکتی ہے۔ آنے والے دنوں میں کیا ہوگا واضح طور پر کچھ بھی کہا نہیں جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں:
ترنمول کے حامیوں نے عرب الاسلام کے خلاف محاذ کھول دیا
ابو طاہر خان چودھری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی بھارت میں سب سے طاقتور اپوزیشن رہنما ہیں، ان کی مقبولیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے، اس صورت میں ان کے علاوہ کسی دوسرے رہنما میں اپوزیشن جماعتوں کو یکجا کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔
غور طلب ہے کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی ان دنوں دہلی کے دورے پر ہیں، جہاں ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کرنے والی ہیں۔
واضح رہے کہ ابو طاہر خان کی قیادت میں ترنمول کانگریس نے مرشدآباد کی تمام اسمبلی سیٹز پر کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کرتے ہوئے ادھیر رنجن چودھری کی قیادت والی کانگریس کو کلین سوئپ کر دیا تھا۔