مغربی بنگال میں ماں کمیونٹی کچن منصوبے کو رواں سال کی شروعات میں منظر عام پر لایا گیا تھا لیکن اسمبلی انتخابات 2021 کے سبب اسے چند مہینوں تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو ایک بار پھر کامیابی کے ساتھ عوام کے سامنے لایا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے چلائی جا رہی ماں کمیونٹی کچن اسکیم لاک ڈاؤن کے دوران عام لوگوں کے لئے کسی انمول تحفے سے کم نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے لئے ماں کمیونٹی کچن کا منصوبہ سب سے اہم ہے۔ وہ اس منصوبے کو اپنی نگرانی میں چلاتی ہیں اور اس کو لے کر کافی سنجیدہ رہتی ہیں۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پہلے ہی ماں کمیونٹی کچن کو لے کر واضح کر چکی ہیں کہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے کچھ بھی کر سکتی ہیں۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا خیال ہے کہ عام لوگ، یومیہ مزدور اور بیرونی ریاستوں سے آنے والے لوگ اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ماں کمیونٹی کچن کے منصوبے سے فائدہ اٹھانے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ غریب اور مزدوروں کے لئے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا یہ ایک شاندار تحفہ ہے۔ پانچ روپیے میں ایک وقت کا کھانا مل جاتا ہے، اس سے بڑی بات اور کیا ہو سکتی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے سبب کام کاج ٹھپ پڑا ہے۔ روزانہ کام نہیں ملنے کے سبب آمدنی بھی نہ کے برابر ہے۔ ایسی صورتحال میں لوگوں کے لئے کھانے پکانے کا سامان اکٹھا کرنا بھی محال ہے لیکن اس منصوبے سے ایک وقت کے کھانے کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ بض لوگ ایسے بھی ہیں جو گھر کے تمام ممبران کے لئے کھانا خرید کر لے جاتے ہیں۔
ماں کمیونٹی کچن کے منصوبے سے فائدہ اٹھانے والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کے مراکز کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ اس تک آسانی سے پہنچ سکیں۔ بیشتر مراکز پر لوگوں کے کھانے کے لئے صاف ستھرے کینٹین بھی بنائے گئے ہیں تاکہ دور دراز سے آنے والے راہگیر ایک جگہ بیٹھ کر سکون سے دوپہر کا کھانا کھا سکیں۔