ریاست مغربی بنگال کے ضلع نادیہ میں 55 سالہ بی جے پی رہنما ہرالہ دیب ناتھ کو دو شرپسندوں نے گولی مارکرقتل کردیا۔
پولیس کے مطابق 'یہ واقعہ جمعہ کی رات کو اس وقت پیش آیا جب بی جے پی رہنما اپنی کرانہ کی دکان سے باہر نکلا۔'
بی جے پی کے ضلعی صدر ڈاکٹر منویندر رائے نے کہا کہ 'دیب ناتھ کو جمعہ کی رات ان کی اہلیہ کی موجودگی میں گولی مار دی گئی۔ وہ جمعہ کے روز تقریباً 10 بجے اپنی کرانہ کی دکان بند کرنے ہی والے تھے، جب دو افراد 'اسنیکس' خریدنے اس کی دکان پر آئے۔ دیب ناتھ نے انہیں اسنیکس کا پیکٹ دیا اور دکان سے جیسے ہی باہر آئے دونوں نے ریوالور نکالا اور گولی مار دی۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'مجھے یقین ہے کہ اس معاملے میں ترنمول کانگریس کا ہاتھ ہے۔'
اس واقعے کے فورا بعد دیب ناتھ کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ بچ نہیں سکے۔
دیب ناتھ کے پڑوسی پردیپ رائے نے کہا کہ 'شرپسند افراد بغیر کسی خوف کے لوگوں کو مار رہے ہیں۔ حکومت اس سلسلے میں کچھ نہیں کررہی ہے۔'
اس معاملہ کو لے کر بی جے پی رہنماؤں نے احتجاج بھی کیا اور پولیس پر زور دیا کہ وہ ملزموں کو گرفتار کریں۔
پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔