کانگریس پارٹی کے رہنما اور سابق رکن پارلیمان کیرتی آزاد اور اشوک تنور ہریانہ کانگریس کے سابق صدر نے ترنمول کانگریس (Trinamool Congress) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ کیرتی آزاد نے منگل کے روز یہاں ترنمول کانگریس کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی (Mamata Banerjee) سے ملاقات کے بعد پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔
کیرتی آزاد نے ترنمول میں شامل ہونے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ آج ملک کو ایک ایسی شخصیت کی ضرورت ہے جو ملک کو صحیح اور نئی سمت دکھا سکے۔ محترمہ بنرجی میں یہ قائدانہ صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے محترمہ بنرجی نے زمینی سطح پر عام لوگوں سے منسلک ان کے مسائل کو سلجھا رہی ہیں، وہ ملک کی خدمت کے لئے ان کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔
کیرتی آزاد نے کہا کہ ان کا کوئی ذات یا مذہب نہیں ہے، لیکن محترمہ بنرجی کی طرح ملک کی خدمت کرنا ان کا مقصد ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق رکن پارلیمنٹ کیرتی آزاد 1983 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے۔ دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن میں مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے معاملے میں ان وقت کے وزیرخارجہ ارون جیٹلی پر الزام لگانے پر انہیں بی جے پی سے معطل کر دیا گیا تھا۔ وہ 2018 میں کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ کیرتی آزاد بی جے پی کے ٹکٹ پر بہار کے ضلع دربھنگہ کے پارلیمانی سیٹ سے تین بار لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
یو این آئی