بی جے پی کے کارگزار قومی صدر جے پی نڈا ریاست مغربی بنگال کے دورے پر ہیں، اس دوران وہ بی جے پی کے سیاسی تصادم میں ہلاک ہونے والے حامیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور ان کو تعزیت پیش کریں گے۔
اس سے قبل انہوں نے کالج اسکوائر میں 'ودیا ساگر' کے یوم پیدائش کے موقع پر ان کے مجسمہ کو ہار پہنایا۔
بی جے پی کے کارگزار قومی صدر بننے کے بعد یہ ان کا بنگال کا پہلا دورہ ہے جہاں وہ پارٹی کے متعدد پروگرامز میں شرکت کریں گے اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیں گے۔
اس دوران انہوں نے دلیپ گھوش اور مکل رائے سے ریاست میں پارٹی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ہٹائے جانے کے سلسلے میں ممتابنرجی کے رول پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی کی حکومت کا خاتمہ عنقریب ہے۔
انہوں نے ریاست کے سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال میں سیاسی تبدیلی طے ہے، اب صرف ترنمول کانگریس کی وداعی تقریب باقی ہے۔
وہیں دوسری جانب ترنمول کانگریس کے جنرل سیکرٹری نے نڈا کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ممتا حکومت کی صرف واپسی نہیں ہوگی بلکہ پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ واپسی ہوگی۔