کولکتہ: مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔پنچایت انتخابی تشدد ایک اور شکار ہے۔ اس بار منظر جنوبی 24 پرگنہ میں کلپی کا ہے۔ الفضل الدین گزشتہ روز دولت پور میں آزاد امیدوار گوتم ہلدر کی انتخابی مہم چلانے نکلے تھے۔ اس وقت چون پھلی چوراہے کے قریب ترنمول حامیوں کے ساتھ ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ یہاں تک کہ انہیں بانس، لاٹھی، ڈنڈے سے پیٹا گیا۔
الفضل الدین کو شدید زخمی حالت میں ضلع ہسپتال میںداخل کرایا گیا۔اس کے بعد انہیں کولکاتا کے ایس ایس کے ایم ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت ہوگئی ۔واقعہ کی خبر راج بھون پہنچی اس کے بعد گورنر سی وی آنند بوس نے فوراً مقتول کے اہل خانہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔
خاندان سے تعزیت کرنے کے علاوہ مغربی بنگال کے آئینی سربراہ نے ہر طرح کی مدد کی یقین دہانی کرائی۔ علاقے میں ریپڈ ایکشن ٹیم بھیجنے کا بھی حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی گورنر سی وی آنند بوس نے پورے واقعہ کی رپورٹ راج بھون کے امن کمرے میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
بوس نے اس واقعے کی کڑی مذمت کرتے ہوئے ضلع پولیس کو اس معاملے میں ملوث شرپسندوں کو جلد ڈھونڈ کر سخت سے سخت سزا دلانے کی ہدایت دی ہے۔
اس معاملے کی اطلاع ریاستی الیکشن کمشنر کو بھی دی گئی ہے۔ ڈی ایم سے فوری رپورٹ بھی طلب کی۔ گورنر نے اس واقعے میں انتظامیہ نے کیا اقدامات کیے اور الیکشن کمیشن کا کیا کردار ہے، یہ جاننے کے لیے رپورٹ طلب کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Panchayat Election پنچایت انتخابات کے دس دن تک مغربی بنگال میں مرکزی فورسز تعینات رہیں گی
اس سے پہلے گورنر نے جنوبی 24 پرگنہ بھانگوڑ، کیننگ، بسنتی جیسے علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی یقین دھانی کرائی ۔ مرشدآباد میں بھی کئی مقامات پر تشدد ہو رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں گورنر سی وی آنند بوس جمعہ کی صبح ٹرین کے ذریعے مرشد آباد کے تشدد زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔