کولکاتا: مغربی بنگال کے مشہور فٹبال کلب محمڈن اسپورٹنگ کے پاس پہلی مرتبہ آئی لیگ جیت کر بھارتی فٹبال کی تاریخ میں نیا باب تحریر کرنے کا سنہرا موقع ہے۔ اسی کو حقیقت میں تبدیل کرنے کے غرض سے محمڈن اسپورٹنگ فٹبال کلب ہفتے کے روز یعنی 14 مئی کو سالٹ لیک اسٹیڈیم میں چیمپئن گوکلم کیرالہ ایف سی سے مقابلہ کرے گا۔ Football match between Gokalam Kerala and Muhammadan SC
اس میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہونہار فٹبالر اظہرالدین ملک نے کہا کہ ہمارے سامنے بھارتی فٹبال میں نئی تاریخ رقم کرنے کا سنہرا موقع ہے۔ اس موقع کو کسی بھی قیمت پر ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی لیگ 22-2021 میں ٹیم کو چمپیئن بنانا ان کا واحد مقصد ہے جس کو پورا کرنے کے لیے وہ ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ہماری ٹیم مضبوط اور متوازن ہے۔ تمام کھلاڑی پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ گوکلم کیرالہ ایف سی اس وقت 17 میچوں میں 40 پوائنٹ کے ساتھ چمپئن شپ کی دوڑ میں سب سے آگے ہے جبکہ محمڈن اسپورٹنگ اتنے ہی میچوں کے بعد 37 پوائنٹ کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ محمڈن کو خطاب جیتنے کے لئے فائنل میچ جیتنا ہی پڑے گا جبکہ کیرالہ کو خطاب کا دفاع کرنے کے لئے میچ ڈرا کھیلنا ہی کافی ہے۔