مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے مدنظر ریاستی حکومت کی جانب سے تمام احتیاطی قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔
کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے سربراہ فرہاد حکیم نے مشہور نیو مارکیٹ کا دورہ کیا اور وہاں کے حالات کا جائزہ لیا۔
ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور وزیر فرہاد حکیم نے دورے کے دوران دکانداروں کو کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی۔
فرہاد حکیم نے کہا کہ نیو مارکیٹ نہ صرف بنگال کے بلکہ ملک کے مشہور اور مصروف ترین مارکیٹ میں سے ایک ہے۔اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ہماری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نہ صرف مارکیٹ کی بلکہ دکانداروں اور یہاں خریداری کے لئے آنے والے لوگوں کو کورونا سے بچانے کی ذمہ داری کولکاتا میونسپل کارپوریشن کی ہے۔ ہم اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹ نہیں سکتے ہیں۔'
فرہاد حکیم کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے نیومارکیٹ کو دو گھنٹہ ہی کھولنے کا حکم دیا گیا ہے. مجھے پتہ ہے کہ دکانداری اور خریداری کے لئے دو گھنٹہ بہت ہی کم ہے. لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کچھ کیا نہیں جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی انتباہ دے دیا ہے کہ دو ہفتوں کے اندر اندر اگر حالات میں بہتری نہیں آتی ہے تو پوری ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔
ریاست مغربی بنگال میں اس وقت منی لاک ڈاؤن جاری ہے، کورونا گائیڈ لائن کے تحت دن بھر میں صرف گھنٹے ہی بازار، دکانیں کھلی رہیں گی۔