مغربی بنگال کے سرحدی ضلع جلپائی گوڑی کے شہر سلی گوڑی کے میٹرو پولیٹن پولیس تھانے میں بی جے پی کے رہنما کیلاش وجے ورگیہ اور بی جے پی یوتھ مورچہ کے صدر تیجسوی سوریہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
ایف آئی آر کاپی میں بی جے پی کے ریاستی انتخابی انچارج کیلاش وجے ورگیہ، تیجسوی سوریہ، ریاستی صدر دلیپ گھوش سمیت درجنوں لوگوں کے نام شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین پر بی جے پی حامیوں کو ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران کے ساتھ بدتمیزی کرنے، سرکاری و عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے لیے اکسانے کا الزام ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ بی جے پی رہنماوں کے کہنے پر کارکنان نے توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود ٹریفک گارڈ پر حملہ کیا۔ اس کے بعد دوسری سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ بی جے پی کے رہنماوں پر قومی سالمیت کو خطرے پر ڈالنے کا الزام ہے کیوںکہ سرحد کے قریبی اضلاع سمیت ملک و ریاست کی سکیوریٹی انتہائی اہم مانی جاتی ہے۔
سرحدی اضلاع میں اس طرح کے جلسے و جلوس محدود دائرے میں نکالے جانے کی اجازت ہوتی ہے لیکن بی جے پی کے رہنماوں نے اس کی خلاف ورزی کی۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ مظاہرے کے دوران جہاں ایک شخص کی ہلاکت کا سوال ہے، اس معاملے میں پولیس ملوث نہیں ہے کیونکہ اس شخص کو شاٹ گن سے ہلاک کیا گیا ہے اور مغربی بنگال پولیس شاٹ گن استعمال نہیں کرتی ہے۔