مغربی بنگال کے علی پور دوار کے پانچ تھانہ نام کے پولیس اسٹیشن میں بی جے پی کے رکن پارلیمان جان برلا کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان جان برلا پر شمالی بنگال کو علاحدہ ریاست بنانے کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
شکایت درج کرانے والے سومناتھ گرائی کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے رکن پارلیمان جان برلا کو اچھی طرح سے معلوم ہے کہ شمالی بنگال کو علاحدہ ریاست بنانا ناممکن ہے۔ اس کے باوجود انہوں نے عام لوگوں کو گمراہ کیا۔
سومناتھ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے رکن پارلیمان جان برلا نے عام لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام شمالی بنگال کے طور پر علاحدہ ریاست چاہتے ہیں لیکن عوام کی جانب سے اب تک ایسا کوئی مطالبہ سامنے نہیں آیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان نے پھر کیسے یہ باتیں کہہ دی؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز علی پور دوار میں بی جے پی پارٹی دفتر کی افتتاحی تقریب کے بعد رکن پارلیمان جان برلا نے کہا تھا کہ مغربی بنگال ملک کی چند بڑی ریاستوں میں سے ایک ہے۔ شمالی بنگال میں ترقی نہیں ہو پائی ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد شمالی بنگال کو علاحدہ ریاست کے طور پر دیکھنا چاہتی ہے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمان جان برلا کا کہنا تھا کہ یہ میری نہیں بلکہ عام لوگوں کی بات ہے۔ شمالی بنگال میں ترقی نہیں ہوئی ہے۔ یہاں کے لوگ اپنی اپنی فیملی کو چھوڑ کر ملک کی دوسری ریاستوں میں ملازمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کولکتہ: ملی تنظیم کی جانب سے غریبوں میں راشن کٹس تقسیم
انہوں نے کہا تھا کہ اتر پردیش سے الگ ہوکر اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش سے الگ ہو کر چھتیس گڑھ اور بہار سے الگ ہو کر جھارکھنڈ بن سکتا ہے تو عام لوگوں کے مطالبے پر شمالی بنگال کو علاحدہ ریاست کیوں نہیں بنایا جاسکتا ہے۔