شربری دتہ جنوبی کلکتہ کے بروڈ اسٹریٹ میں واقع ایک پوش کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ میں اکیلے رہتی تھیں، خاندان کے مطابق گزشتہ صبح سے ہی فون پر رابطہ نہیں ہورہا تھا، ڈاکٹرز نے موت کی وجہ دل کا دورہ بتایا ہے، چوں کہ باتھ روم میں مردہ پائی گئی تھیں اس لئے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
شربری دتہ کے بیٹے امالین دتہ جو خود بھی فیشن ڈیزائنر ہیں نے کہا کہ میں نے اپنی ماں کو آخری مرتبہ بدھ کے دن دیکھا تھا، جمعرات کو ملاقات نہیں ہوئی، میں سمجھ رہا تھا کہ وہ مصروف ہوں گی اور کام سے باہر گئی ہوں گی، ہم دونوں مصروف رہا کرتے تھے اور روزانہ ہماری ملاقات نہیں ہوتی تھی۔
پولس نے بتایا کہ جنوبی کلکتہ کے پوش کالونی میں واقع رہائش گاہ میں رات 11.30بجے وہ اپنے فلیٹ کے واش روم میں مردہ پائی گئی تھیں، خاندان کے ممبران کے ذریعہ لاش برآمد کئے جانے کے بعد ان لوگوں نے اپنے فیملی ڈاکٹر کو مدعو کیا، ڈاکٹر نے معائنہ کرنے کے بعد مشورہ دیا کہ پولس کو اطلاع دیں، پولس نے کہا کہ ابتدائی جانچ میں اس واقعے کے پیچھے کوئی سازش یا مجرمانہ حرکت نظر نہیں آرہی ہے۔
بنگال کے مشہور شاعر اجیت دتہ کی وہ صاحبزادی ہیں اور کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد فیشن دنیا میں انہیں کافی شہرت حاصل تھی، انہوں نے اس تصور کا خاتمہ کیا کہ مردو ں کے لباس میں انتخاب کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے،انہوں نے مردوں کیلئے کئی قسم کے کپڑے بنائے جو کافی مقبول ہوئے اور ان کے برانڈ کے کپڑے دنیا بھر میں کافی مشہور و مقبول تھے۔
بعد میں شربری دتہ نے اپنا ایک برانڈ شونیا قائم کیا تھا جو کلکتہ کا سب سے مشہور برانڈ بن گیا تھا، وہ خواتین کے لباس پہنتی تھیں اور شہر میں منعقدہ فیشن شوز میں ایک مشہور چہرہ تھیں، شوبز سے وابستہ شخصیات نے ان کی موت پر صدمے کا اظہار کیا ہے۔
گلوکارہ پیرما بنرجی اور اُجینی مکھرجی، اداکارہ سربونٹی چٹرجی، رکمینی موئترا اور پوجرنی گھوش، تھیٹر شخصیت کے ہدایتکار دیبیش چٹرجی نے سوشل میڈیا پر غم اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔