مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آئی این ایکس کیس میں پی چد مبرم کی گرفتاری پر مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 'موجودہ حالات کو یکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ ملک میں جموریت نام کی کوئی چیز نہیں رہ گئی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'قانونی پیچیدگیوں کے بارے میں کچھ بھی کہنا نہیں چاہتی ہوں مگر کانگریس کے سینیئر رہنما پی چدمبرم کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے۔ اس پر افسوس ہے۔'
محترمہ ممتا بنرجی نے کہا کہ 'قانون کے تحت پی چدمبرم کی گرفتاری عمل میں آ ئی ہے یا نہیں اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا اس وقت مناسب نہیں ہے۔ آئندہ چند روز میں اس کیس سے متعلق تمام باتیں منظر عام پر آجائیں گی۔'
انہوں نے کہا کہ 'کبھی کبھی کارروائی کا طریقہ بالکل غلط ہوتا ہے۔ قانون پر کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی ہے لیکن اس کے غلط استعمال پراعتراض ہے۔'
ترنمول کانگریس کی سربراہ کا کہنا ہے کہ 'کانگریس کے سینیئررہنما پی چدمبرم کے ساتھ بہت برا ہوا۔ ان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جانا چاہیے جوکچھ بھی ہوا اس پر بے حد تکلیف ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'پی چدمبرم ایک سینیئر رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ سابق وزیرخزانہ بھی رہ چکے ہیں۔ مرکزی حکومت کو اس بات کا خیال رکھنا چا ہیے تھا لیکن مرکزی جانچ اینجسیوں کی حرکت دیکھ کر ایسا لگا کہ وہ کسی عام آدمی کے گھر چھاپہ ماری کرنے کے لیے پہنچی ہے۔'
ترنمول کانگریس کی سربراہ کے مطابق مرکزی جانچ ایجنسیاں محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ مرکزی حکومت کی ہدایت پر سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'جانچ ایجنسیوں کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پرنٹ اور الیکٹرونکس میڈیا کے رول بھی قابل مذمت ہیں۔ پرنٹ میڈیا بی جے پی کی حکومت کی ہدایت پر کام کر رہا ہے۔'
ممتابنرجی کے مطابق ملک میں جمہوریت کو نقصان پہنچایاجارہاہے۔ جمہوری ملک میں حکومت اسی حرکت نہیں کرسکتی ہے۔مرکزی حکومت کے فیصلے اور پالیسی کے سبب جمہوریت خون کا آنسورو رہاہے۔