کولکاتا:مغربی بنگال سی پی ایم کے سکریٹری محمد سلیم نے کنال گھوش پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ(کنال گھوش) کبھی بھی ایک اچھا سیاسی رہنما نہیں بن سکتے ہیں۔ ان میں سیاسی رہنما بننے کی صلاحیت ہوتی تو وہ کبھی بھی اس طرح کے بیان نہیں دیتے ۔
انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش نے سابق وزیراعلیٰ بدھا دیب بھٹاچاریہ کے بارے میں اپنے فیس بک پوسٹ میں جس طرح کی باتیں لکھی ہے اس پر بے حد افسوس ہے ۔
اتفاق سے سابق وزیر اعلیٰ بدھا دیب بھٹاچاریہ کی بیماری کی خبر نے سیاسی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔ دن بھر میڈیا میں ان کی جسمانی حالت کے بارے میں خبریں نشر ہوتی رہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی خیریت کے لیے طرح طرح کے تبصرے کرتے رہے۔ اس پر ترنمول کے ترجمان کنال گھوش نے فیس بک پر لکھاکہ میں بھی بدھا دیب بابو کی صحت یابی چاہتا ہوں، وہ صحت مند ہوں لیکن براہ کرم انہیں عظیم آدمی نہ بنائیں۔ سی پی ایم اور ان کی متکبرانہ غلطیوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:Mamata Banerjee Meets Buddhadeb Bhattacharya ممتابنرجی کی سابق وزیراعلیٰ بدھا دیب بھٹاچاریہ کی عیادت
کنال کی فیس بک پوسٹ کے بعد سیاسی ہلچل شروع ہوگئی۔ کنال گھوش کی تعلیمی قابلیت سے شروع ہو کر مختلف مسائل پر تنقید کرنے لگے۔ ریاستی بی جے پی صدر سکانتو مجمدار، قائد حزب اختلاف سبویندو ادھیکاری اور کانگریس کے ادھیرنجن چودھری نے بھی کنال گھوش کی تعلیمی قابلیت اور ان کی ذہنی اور سیاسی بیداری پر سوال اٹھائے۔