مغربی بنگال میں بلدیاتی انتخابات 2022 میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے کل 108 میونسپلٹیز میں سے 102 پر کامیابی حاصل کی ہے جو اب تک کی اس کی شاندار کارکردگی ہے۔ Elected Independent Councilors on TMC
بلدیاتی انتخابات میں اس مرتبہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے بعد سب سے زیادہ کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار ہیں۔ آزاد امیدواروں نے کامیابی کی دوڑ میں لفٹ فرنٹ اور کانگریس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیاب ہونے والے نو منتخب کاونسلرز ترنمول کانگریس میں شمولیت کے خواہشمند ہیں۔
شمالی 24 پرگنہ کے بیشتر میونسپلٹیز کے وارڈز میں آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن جیتنے والوں کی تعداد لفٹ فرنٹ اور کانگریس سے زیادہ ہے۔ ان میں گارولیا میونسپلٹی کے وارڈ نمبر نو سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے مقصود حسن کو بھی امید ہے کہ وہ بہت جلد ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہو جائیں گے۔
ان کے مطابق وہ ترنمول کانگریس سے کبھی الگ ہوئے ہی نہیں تھے۔ ان کے پارٹی دفتر میں اب بھی ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی تصویر ہے۔ پارٹی کا جھنڈا بھی ہے۔
دوسری طرف مسلم اکثریتی علاقہ کمرہٹی میونسپلٹی، بھاٹ پاڑہ میونسپلٹی، ٹیٹاگڑھ میونسپلٹی کے مختلف وارڈوں سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نو منتخب کاونسلرز بھی پارٹی میں دوبارہ شامل ہونے کے لئے پر امید ہیں۔
واضح رہے کہ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے بلدیاتی انتخابات سے قبل ٹکٹ نہیں ملنے کی صورت میں اپنی پارٹی کے امیدوار کے خلاف آزاد امیدوار بننے والوں کو پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔ترنمول کانگریس نے باغی رہنماوں کو بلدیاتی انتخابات سے اپنا نام واپس لے کر پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی مہم چلانے کی ہدایت دی تھی۔