مغربی بنگال کے بانکوڑہ ضلع کے دورے کے دوران وزیراعلی ممتابنرجی نے ریاستی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو عوام تک پہنچانے کے لئے گھر گھر سرکار منصوبے کا اعلان کیا۔
وزیراعلی ممتا بنرجی کے اس منصوبے کے تحت ریاستی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو ضلع کے تمام لوگوں تک پہنچانے کے لئے سرکاری افسران کو ہدایت دی گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ ضلع کے تمام بلاکوں میں کیمپ لگائے جائیں گے تاکہ لوگوں کو ترقیاتی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لئے بیدار کیا جا سکے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلی ممتابنرجی نے بانکوڑہ ضلع مجسٹریٹ اور اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران ضلع کی ترقی کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے اعلی افسران سے کہا کہ جب تک ریاستی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو عام لوگوں تک پہنچایا نہیں جاتا ہے اس وقت تک کوئی سکون سے نہیں بیٹھے گا۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی کے مطابق دسمبر 2020 سے 31 جنوری 2021 تک ریاستی حکومت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بانکوڑہ ضلع میں رہنے والے عام لوگوں کے گھر گھر پہنچانے کی ذمہ داری ضلع کے اعلی افسران پر ہوگی، اس کے لئے انہیں صبح 11 سے سہ پہر تک تک کام کرنا پڑے گا۔
اسمبلی انتخابات کے مدنظر وزیراعلی ممتابنرجی کا دورہ اہم مانا جا رہا ہے۔ اس سے قبل بی جے پی کے سابق قومی صدر اور موجودہ وزیر داخلہ امت شاہ نے بانکوڑہ ضلع کا دورہ کیا تھا۔
امت شاہ اپنے دورے کے دوران بانکوڑہ ضلع میں رہنے والے 'آدیباسیوں' سے ملاقات کی تھی اور ان کے گھر میں کھانا کھایا تھا۔