مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات دینے والے طلبا کو اسکول کی سطح پر پری فائنل ٹیسٹ دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں جاری کورونا وائرس کی صورتحال کی وجہ سے محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس وقت دسویں اور بارہویں جماعت میں زیر تعلیم طلباء کا پری فائنل ٹیسٹ نہیں ہوگا۔
ریاستی محکمہ صحت کے مطابق بدھ کے روز مغربی بنگال میں کووڈ 19 کے 3872 نئے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں اور اس دوران 4،431 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔
ریاست میں کورونا کیسز کی کل تعداد 4،16،984 ہے جن میں 32،836 فعال معاملے، 3،76،696 صحتیاب افراد اور 7،452 اموات شامل ہیں۔
وزیر اعلی نے یہ بھی اعلان کیا کہ ریاست میں تین نئی پولیس بٹالینز میں ایک شمالی بنگال کی راجبشی برادری ، پہاڑیوں لوگوں کے لیے گورکھا بٹالین اور ریاست کے جنوب مغربی حصے کے لوگوں کے لیے جنگل محل بٹالین 31 جنوری تک تشکیل دی جائے گی۔
وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت جلد ہی 16،500 اساتذہ کی بھرتی کرے گی اور بھرتی عمل دسمبر اور جنوری سے آف لائن انٹرویو کے ذریعے شروع ہوگا۔