مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ خصوصی طور پر حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جاری خونی جھڑپوں کا دائرہ ریاست کے تمام اضلاع تک پھیل چکا ہے۔
سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں اب تک پچاس سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے اور سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اسی درمیان مدنی پور ضلع کے چندرا کونا میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہو گئی۔ دونوں پارٹیوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ کے دوران بموں سے حملہ کیا گیا اور فائرنگ کی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا، ساتھ ہی زخمیوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دو لوگوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے۔
پولیس نے کہا کہ دو گروہوں کے درمیان کسی بات کو لے کر جھگڑا ہو گیا۔ اس درمیان بموں سے حملہ کرنے اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے لیکن اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، تاہم اس معاملے میں ملوث شرپسندوں کی تلاش جاری ہے۔ بی جے پی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا اسی دوران ترنمول کانگریس کے حامیوں نے حملہ کر دیا۔ ترنمول کانگریس کے حامیوں کے حملے میں بی جے پی کے متعدد کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔
مدنی پور ضلع ترنمول کانگریس کے صدر اسیت مہتو نے بی جے پی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے حامیوں نے ترنمول کانگریس کے کارکنان کے گھروں پر بموں سے حملہ کیا۔ اسی وجہ سے یہ کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔