کولکاتا شہر کے قصبہ اسمبلی حلقے کا یہ علاقہ چائنا ٹاؤن یا چینا پاڑہ کے نام سے مشہور ہے جہاں چینیوں کی آبادی ہے جنہیں بھارتی شہریت حاصل ہے۔
عام طور پر یہ لوگ سیاست سے دور رہتے ہیں لیکن چینی طبقہ اب یہاں کے سیاسی منظر نامے پر سرگرم نظر آرہا ہے۔
پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ چینی ووٹرز کے لیے کسی سیاسی پارٹی نے چینی زبان میں انتخابی تشہیر کی ہو اور یہ پہل ترنمول کانگریس کی جانب سے کیا گیا ہے۔
ترنمول کانگریس کے کاونسلر نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'وارڈ نمبر 66 میں چینیوں کی ایک بڑی تعداد برسوں سے رہ رہی ہے اور بہت کم لوگوں کو اس بات کا علم ہے کہ وہ بھارتی شہری بھی ہیں'۔
انہوں بتایا کہ 'ہم نے ان سے رابطہ کیا اور ان کو یہاں کے سیاسی منظر نامے پر لانے کی کوشش کی اور پہلی بار چینی ووٹرز کے لیے چینی زبان میں انتخابی تشہیر کی گئی، اسی بات کا نتیجہ ہے کہ ان لوگوں میں ترنمول کانگریس مقبول ہے اور وہ ہماری پارٹی کے ساتھ کام کر رہے ہیں'۔
چائنا ٹاؤن میں چینی طبقے کے ایک فرد نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا 'پہلے ہم سیاسی معاملات سے دور رہتے تھے اور کوئی سیاسی پارٹی بھی ہمیں زیادہ اہمیت نہیں دیتی تھی لیکن ممتا بنرجی نے ہمیں اہمیت دی ہے، چینی زبان میں پہلی بار انتخابات میں ہمیں مخاطب کیا گیا ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ان کی پارٹی نے ہمارے علاقے میں بہت کام کیے ہیں اور سب سے اہم بات کہ ان کی کی پارٹی فرقہ پرستی کے خلاف ہے'۔
کافا چنگ، ایک اور چینی باشندے نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'ممتا بنرجی کی حکومت میں پوری ریاست میں کام ہوا ہے اور ملک کی سیاست میں ان کا اہم رول ہے ہم چاہتے ہیں کہ ملک کا وزیراعظم ایسا ہو جو سب کو جوڑ کر رکھے'۔
آپ کو بتا دیں کہ کولکاتا کا چینا پاڑہ یا چائنا ٹاؤن لذیذ چینی پکوانوں کے لیے پوری ریاست میں مشہور ہے، یہاں خالص چینی پکوان ملتے ہیں اور کولکاتا و دور دراز کے لوگ یہاں ان کا لطف لینے کے لیے آتے ہیں اور اس بار چائنا ٹاؤن اپنی سیاسی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی چرچے میں آیا۔