کولکاتا:کانگریس نے مہاجتی سدن میں اپنے یوم تاسیس کا انعقاد کیا۔ کانگریس کے نوجوان لیڈر کنہیا کمار نے اپنے خطاب میں ترنمول کانگریس سے کہیں زیادہ بی جے پی کی تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ بنگال میں بی جے پی تقسیم کی سیاست کررہی ہے۔ بی جے پی میڈیا کوکنٹرول کرکے بنگال کو بدنام کر رہی ہے۔ کنہیا کمار نے مرکزی جانچ ایجنسیوں کے کردار پر سوال اٹھایا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک بی جے پی میں نہیں ہیں آپ بدعنوان ہیں مگر بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بدعنوان لیڈر پاک صاف ہوجاتا ہے۔
ریاستی کانگریس کے صدر ادھیر چودھری نے ترنمول کانگریس کے ساتھ ساتھ بی جے پی کی بھی تنقید کی۔ لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر نے کہاکہ بنگال میں کانگریس دوبارہ زندہ ہو رہی ہے۔ اس لیے ترنمول کانریس میں گھبراہٹ ہے۔ ساگردیگھی نے دکھادیا ہے کہ کانگریس کا وجود ختم ہونے والا نہیں ہے۔میٹنگ میں آئے طلبا لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بہرام پور کے کانگریس ایم پی نے کہاکہ میں آپ کو بتاتا ہوں، بنگال میں ہم ایک طرف ترنمول اور دوسری طرف بی جے پی کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔
کچھ دن پہلے، ادھیر رنجن چودھری نے ایک انٹرویو میں کل ہند سطح اور ریاست میں ترنمول کے ساتھ کانگریس کے مستقبل کے مساوات کے بارے میں بات کی تھی۔ انٹرویو میں، بہرام پور کے ممبر پارلیمنٹ نے کہاکہ ایک تالاب اور ندی میں فرق ہے۔ بنگال میرے لیے ایک تالاب ہے اور ہندوستان ایک دریا ہے۔ میں جو کہنا چاہتا ہوں کہتا ہوں۔ پیٹھ پیچھے بات مت کرو۔ وسیع تر مفاد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اب تالاب کے بجائے دریا کے بارے میں سوچنا چاہئے۔ دوسرے لفظوں میں ہمیں بنگال سے زیادہ ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ جہاں کانگریس اور ترنمول ایک ہی اتحاد کے رکن ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Mamata Banerjee 'بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لیے اپوزیشن اتحاد انڈیا تیار'
ادھیر رنجن چودھری کے بیان کو لے کر پارٹی میں چہ میگوئیاں ہونے لگی کہ بنگال میں کانگریس اور ترنمول کانگریس کے درمیان اتحاد ہوگا۔ اسی کے پیش نظر انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس بھی بی جے پی کی طرح بنگال میں کانگریس کی دشمن ہے۔ کانگریس بنگال میں ترنمول بی جے پی دونوں کے خلاف جدوجہد کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔