وزارت داخلہ کی سکریٹری نے صورتحال کاجائزہ لینے اور ریاستی حکومت کو صلاح دینے کے لیے مغربی بنگال میں دو مرکزی بین وزارتی ٹیمیں بھیجی تھیں۔
مرکز نے ان ٹیموں کی رپورٹ کی بنیاد پر ریاست کے چیف سکریٹری کو خط لکھ کرکہا ہے کہ وہ مکمل بندی کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کولکاتہ اور ہاوڑہ میں مختلف مقامات پر لاک ڈاؤن کی ہدایات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے یہاں تک کہ میڈیا رپورٹس میں کورونا جنگجوؤں پر حملہ کیے جانے کا بھی ذکر ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بازاروں میں بھیڑ،حفظان صحت میں کوتاہی،ماسک کے بغیر آنے جانے، ندیوں میں نہانے، کرکٹ اور فٹبال کھیلنے کے واقعات سے معلوم ہوتا ہے کہ مکمل پابندی پر سختی سے عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔
کنٹینمنٹ زون میں رکشا وغیرہ چلائے جانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ سب ناقص نگرانی اور کمزور معائنہ کی مثال ہے۔
ریاستی حکومت کی جانب سےمتاثرہ افراد کے رابطےاور ان کی شناخت کے تعلق سے اعدادوشمار نہیں دئے گئے ہیں۔ پی پی ای اور این-95 ماسک کےخراب معیار کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ آئی سی ایم آر کے معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
کورونا سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیےمناسب نظم و ضبط کی کمی پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے۔
مرکز کی ہدایات کے مطابق غریبوں اور مہاجر مزدوروں کے تئیں بے اعتنائی کی طرف بھی توجہ دلائی گئی ہے۔
داخلہ سکریٹری نے ان کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جارہے اقدامات کی معلومات دینے کو بھی کہا ہے۔ خط میں ریاست اور ضلع انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ان تمام امور کو فوراً حل کریں۔