مغربی بنگال میں کورونا وبا کی دوسری لہر کی رفتار سست پڑنے کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے تیسری لہر سے نمٹنے کی کوششوں کے درمیان عیدالاضحیٰ منانے کی تیاریاں زوروں پر جاری ہے۔ حافظ و قاری مولانا محمد مظفر حسین ندوی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ریاست کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی اور عیدالاضحیٰ سے متعلق کئی اہم باتیں کہی۔
مولانا محمد مظفر حسین ندوی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ اور کسی کو تکلیف پہنچائے بغیر عیدالاضحیٰ منانے کی کوشش کریں۔ اسلام کا یہ سب سے بڑا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے۔ اس پر عام لوگوں کو سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
جنوبی 24 کولکاتا کے وارڈ نمبر 66 کے مسلم اکثریتی تجارتی علاقہ توپسیا میں واقع ٹالی گھولہ مسجد کے امام مولانا محمد مظفر حسین ندوی نے کہا کہ اسلام میں دو باتوں کو واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ مشکل وقت میں احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا اور دوسرے مذاہب کے لوگوں کو تکلیف نہ پہنچانا۔
مولانا محمد مظفر حسین ندوی نے کہا کہ مسلمان ان دو باتوں پر سختی سے عمل کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی اس پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کورونا گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ منائیں گے۔ مولانا ندوی نے کہا کہ جتنا احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا اتنا ہی جلد اس وبا پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کرنے کے لئے مسجد میں آنے والے لوگوں پر ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سماجی دوری کا خیال بھی رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: مسجد الاقصیٰ میں عید کی نماز ادا کی گئی
انہوں نے مزید کہا کہ ’پیغمبر اسلامﷺ نے ہمیں جس طرح سے زندگی گذارنے کی تلقین کی ہے، اس پر سختی سے عمل کرنا چاہئے‘۔