کولکاتا:کلکتہ ہائی کورٹ کی جسٹس امریتا سنہا نے فوری طور پر امیدوار کو فاتح قرار دینے اور فتح کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دیا۔ اس کے نتیجے میں کانگریس امیدوار کو تقریباً تین ماہ بعد جیت کا سرٹیفکیٹ ملنے والا ہے۔پرولیا کی مرومہسینہ پنچایت سمیتی کی سیٹ نمبر 11 کو لے کر ہائی کورٹ میں ایک مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔ کانگریس امیدوار تیجیندر ناتھ مہتو نے دعویٰ کیا کہ وہ اس سیٹ پر 6 ووٹوں سے جیت گئے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ووٹوں کی گنتی کے ذمہ دار بی ڈی او اور دیگر عہدیداروں نے ترنمول کانگریس کے امیدوار راجیش منڈل کوغیر قانونی طریقے سے فاتح قرار دیا ہے ۔
سماعت کے موقع پر تیجندر کے وکیل کاؤستھو باغچی نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کا عمل تضاد سے بھر پور ہے۔انہوں نے نتائج کے اعلان کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھایا ہے ۔تین ماہ تک طویل سماعت کے بعد بالآخر ہائی کورٹ کے جج امریتا سنہا نے فیصلہ سنا دیا۔ بی ڈی او کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر کانگریس امیدوار کے نام پر جیت کا سرٹیفکیٹ جاری کریں۔
یہ بھی پڑھیں:Scheme MGNREGA سو روزہ روزگار اسکیم: کلکتہ ہائی کور ٹ نے مرکزی وزارت دیہی ترقی سے رپورٹ طلب کی
پنچایتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد ایک کے بعد ایک کیس ہائی کورٹ میں داخل کے گئے ہیں۔ اس وقت کانگریس کے امیدوار تیجیندر ناتھ نے بھی انتخابی نتائج میں دھاندلی کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ عدالت نے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
یواین آئی