مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے بج بج تھانہ علاقے میں واقع بج بج جوٹ مل کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دراصل آج صبح مزدور ڈیوٹی کے لیے جب بج بج جوٹ مل پہنچے تو گیٹ کے سامنے ورکس آف سسپنشن کا نوٹس دیکھ کر مشتعل ہو گئے۔ مزدور یونین کے رہنما اور سینکڑوں مزدور جوٹ مل کے سامنے اکٹھا ہو گئے اور مل انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔
اس دوران چند مزدور زبردستی جوٹ مل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے۔ اس کے سبب وہاں کشیدگی پھیل گئی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کر لیا ہے اور مظاہرین سے بات چیت کے ذریعہ مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ مزدور یونین سے بات چیت کی گئی ہے۔
وہیں، مزدوروں کا کہنا ہے کہ خام مال کی کمی کا بہانہ بنا کر جوٹ مل کو بند کرنے کا فیصلہ بالکل غلط ہے۔ مل انتظامیہ نے مزدوروں کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔
اس معاملے پر مل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خام مال کی کمی اور مزدوروں کی چھٹی کے سبب مل کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر مزدوروں کام پر نہیں آتے تھے، جس سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔