اس موقع پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ 'بنگال میں ہم کسی بھی صورت میں این آر سی قبول نہیں کریں گے۔'
بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ، بھی کئی بار مغربی بنگال میں این آر سی کرانے کی بات کر چکے ہیں۔
ریاستی بی جے پی کے رہنماؤں کو بھی اکثر این آر سی کرانے کے مطالبہ کرتے ہوئے سنا گیا ہے۔
آسام میں این آر سی کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد سے ہی مغربی بنگال میں بھی این آر سی کرانے کی بی جے پی کی طرف بات کہی جا رہی ہے جس کی تمام پارٹیوں کی جانب سے مخالفت کی جا رہی ہے۔
مغربی بنگال اسمبلی میں اس کے خلاف ایک قرار داد بھی منظور کی گئی۔
مغربی بنگال میں این آر سی کرانے کی تجویز کے خلاف آج کولکاتا میں ترنمول کانگریس کی جانب سے کولکاتا کے دم دم سینتھی مور سے شیام بازار تک ایک ریلی نکالی گئی۔
شیام بازار تک پیدل مارچ کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'مغربی بنگال آسام نہیں ہے یہ بنگال انقلاب کی سرزمین ہے۔ یہاں نا انصافی برداشت نہیں کی جائے گی ذات، مذہب اور رنگ و نسل کے نام پر این آر سی کسی بھی قیمت پر ہمیں قبول نہیں ہے۔ ہم ریاست میں این آر سی نہیں کرنے دیں گے۔'
انہوں نے بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 'بی جے پی کو بنگال کی سمجھ نہیں ہے، یہاں سب لوگ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔ بی جے پی بنگال کے لوگوں کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔'
ممتا جی نے کہا کہ 'بی جے پی مہاراشٹر میں کہتی ہے۔ بہاری کو بھگاؤ، دہلی میں کہتی ہے بنگالی کو بھگاؤ، بی جے پی آگ سے کھیل رہی ہے۔ بنگال میں این آر سی کے خلاف ہم سب کو سڑکوں پر اترنا ہوگا کیونکہ یہ ہمارے وجود کی لڑائی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'آسام میں این آر سی کی حتمی فہرست خارج کیے جانے والوں میں 12 لاکھ ہندو بھی ہیں اور ایک لاکھ گورکھا بھی شامل ہیں۔'
انہوں نے ملک کی معیشت پر بھی بی جے پی کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 'ہندوستان کی جی ڈی پی بنگلہ دیش اور پاکستان سے بھی خراب ہو گئی ہے سرکاری اداروں کو کارپوریٹ کے ہاتھوں میں سیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بنکوں کے انضمام کی بھی مخالفت کی اور مرکزی حکومت کی جانب سے یونائیٹیڈ بینک کے صدر دفتر کولکاتا سے منتقلی کی بھی مخالفت کی اور کہا کہ 'اب بنکوں میں جمع آپ کے روپئے بھی خطرے میں ہیں آپ نکال پائیں گے کہ نہیں اس کا کوئی بھروسہ نہیں میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ حکومت آپ کے لیئے مصیبت ثابت ہوگی'۔
انہوں نے کہا کہ ہم بنگال میں این آر سی کسی قیمت پر نہیں ہونے دیں گے اور جو لوگ این آر سی کرانے کی باتیں کر رہے ہیں ان کی عقل ماری گئی۔