بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ ترنمو ل کانگریس کے کٹ منی کے خلاف بی جے پی نے پرامن طریقے سے احتجاجی پروگرام کا انعقاد کیا تھا اور مستقبل میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جا ری رہے گا۔
یہ احتجاج کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے بورو آفس، راجر ہاٹ بی ڈی او آفیس،ہوڑہ ضلع میں ڈی ایم کے گھر کے باہر احتجاجیح مظاہرے کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ تمام اضلاع میں بی ڈی او اور ایس ڈی او کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔پولس نے بتایا کہ ریاستی سیکریٹریٹ کے باہر احتجاج کرنے والوں کو فوری طور پر ہٹادیا گیا تھا۔
بی جے پی نے کہاکہ ریاست بھر میں احتجاجی پروگرام پرامن رہے اور کہیں کوئی ہنگامہ آرائی کی خبر نہیں ہے۔خیال رہے کہ ترنمول کانگریس کے لیڈروں کے ذریعہ سرکاری فلاحی اسکیموں کیلئے رشوت لیے جانے کے خلاف پنچایت اور دیگر میونسپلٹی کے ممبروں کے خلاف ریاست کے مختلف علاقوں میں احتجاج کی خبر آچکی ہے۔کئی مرتبہ ترنمول کانگریس کے لیڈروں کا گھیراؤ بھی کیا گیا تھا۔
لوک سبھا انتخابات کے بعد کاؤنسلروں اور پنچایت ممبروں کی میٹنگ میں وزیرا علیٰ نے کہا تھا کہ جن لوگوں نے فلاحی اسکیموں کیلئے رشوت لیے ہیں وہ کٹ منی واپس کریں۔ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ ترنمول کانگریس میں چوروں کی ضرورت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ فلاحی اسکیموں کیلئے 25فیصد تک کٹی منی لیے جانے کی خبر ہے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اب اس پر روک لگنا چاہیے۔اور جن لوگوں نے یہ رقم لیے ہیں انہیں فوری طور پر واپس کرنا ہوگا۔