مغربی بنگال میں جاری اسمبلی انتخابات 2021 کے پانچویں مرحلے کے انتخابات ختم ہوتے ہی ریاست کے تمام اضلاع میں خونی جھڑپوں کا سلسلہ بھیانک شکل اختیار کر چکا ہے۔ مرکزی فورسز کی تعیناتی کے باوجود تمام اضلاع میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان بھیانک جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ ندیا، بردوان اور بیربھوم میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ اسی طرح مالدہ ضلع کے مالدہ اسمبلی حلقے میں اتوار کی شام بی جے پی کے امیدوار گوپال چند ساہا کی حمایت میں انتخابی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے کے دوران نامعلوم شرپسندوں نے بی جے پی کے امیدوار کو گولی مار دی. بتایا گیا ہے کہ انہیں تشویشناک حالت میں ضلع میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
خبر کے مطابق بی جے پی کے امیدوار گوپال چند ساہا کو گردن میں گولی لگی ہے. تشویشناک حالت میں انہیں مالدہ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس اور مرکزی فورسز کی موجودگی میں بی جے پی کے امیدوار پر جان لیوا حملہ ہونے کے بعد سکیورٹی انتظامات اور الیکشن کمیشن پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور تفتیش شروع کر دی. اس معاملے میں اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش جاری ہے. بہت جلد اس معاملے میں ملوث افراد کی گرفتاری عمل میں آ جائے گی۔ دوسری طرف بی جے پی کے کارکنان نے امیدوار پر جان لیوا حملے کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور قومی شاہراہ کی ناکہ بندی کردی۔