ریاست مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے نواپاڑہ تھانہ کے تحت اچھا پور میں واقع بی جے پی ضلع صدر کے مکان پر پولیس نے چھاپہ ماری کی۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کی بیرکپور پولیس کمشنریٹ کی ایک ٹیم نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع صدر کے مکان پر چھاپہ ماری کی۔
بی جے پی کے ضلع صدر وجے مکھرجی کو رکن پارلیمان ارجن سنگھ کا قریبی بتایا جارہا ہے۔ پولیس کی کارروائی کے بعد بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
بی جے پی کے رہنما وجے مکھرجی کی بیوی سومونا مکھرجی نے کہا کہ آج کے دن پولیس کی ایک ٹیم اچانک گھر میں داخل ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں سے اس کاررو١ئی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا کام کرنے دیں۔
بی جے پی کے ضلع صدر کے خلاف کارروائی پر ان کے حامیوں نے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ترنمول کانگریس کے اشارے پر بی جے پی کے رہنماوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔