بی جے پی کے رہنما شھبندو ادھیکاری نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر سے راج بھون میں ملاقات کی اور ریاست میں جاری سیاسی تصادم پر تبادلہ خیال کیا
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد سے ہی ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ پانچ دنوں سے ریاست کے مختلف اضلاع میں جاری سیاسی تصادم میں اب تک 25 سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔بی جے پی کے رہنما شھبندو ادھیکاری نے گورنر جگدیپ دھنکر سے ملاقات کرنے کے لئے اچانک راج بھون پہنچ گئے۔
بی جے پی کے رہنما شھبندو ادھیکاری نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر سے راج بھون میں ملاقات کی اور ریاست میں جاری سیاسی تصادم پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد گورنر جگدیپ دھنکر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بی جے پی کے رہنما شھبندو ادھیکاری سے ملاقات ہوئی۔ اس دوران انہوں نے ریاست میں جاری سیاسی تصادم کو لے کر بات چیت کی۔
گورنر جگدیپ دھنکر نے کہا کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں جاری سیاسی تصادم پر بے حد افسوس ہے۔ اس سے بھی زیادہ افسوس کی بات یہ ہے کہ اسے روکنے کیلئے مناسب کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام لوگ اپنی اپنی ذمہ داری نبھانے کے بجائے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ یہ ریاست کی ترقی کے لئے صحیح نہیں ہے۔
دوسری طرف شھبندو ادھیکاری نے کہا کہ گورنر جگدیپ دھنکر سے ملاقات کرکے ریاست کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد سے ہی تمام اضلاع میں بی جے پی کے کارکنان کو ہدف بنایا جا رہا ہے۔ سیاسی انتقام کے تحت انہیں مارا جا رہا ہے لیکن اسے روکنے کے لئے کوئی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں جاری سیاسی تصادم کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی وزارت کا وفد اس وقت بنگال کے دورے پر ہے۔وزارت داخلہ کا وفد ان دنوں سیاسی تصادم سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں سے ملاقات کرکے موجود صورتحال پر رپورٹ تیار کرنے میں مصروف ہے۔