ریاست مغربی بنگال میں رواں برس اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ جمہوریت پسند تنظیمیں بھی سرگرم ہو چکی ہیں، ریاست کے دانشور طبقہ اور متعدد جمہوریت پسند تنظیموں نے 'نو ووٹ ٹو بی جے پی' مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ معروف سماجی کارکن و دانشور سجاتا بھدرا کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی تمام پالیسیاں عوام دشمن ہیں، ہم بنگال میں فسطائی قوتوں کو قابض نہیں ہونے دیں گے۔
اس سلسلے میں گذشتہ 4 جنوری کو بھارت سبھا ہال میں مٹنگ بھی کی گئی تھی، معروف سماجی کارکن و دانشور سجاتا بھدرا نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ گزشتہ 4 جنوری کو بھارت سبھا ہال میں ہم نے ایک کنوینشن کیا تھا جس میں متعدد طلبہ تنظیمیں، حقوق انسانی کے لئے کام کرنے والی تنظیموں، متعدد ٹریڈ یونین اور سماجی تنظیموں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ہم بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف لڑائی لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صرف بی جے پی نہیں بلکہ اس کی بنیادی تنطیم آر ایس ایس کے خلاف بھی لڑائی لڑیں گے، آر ایس ایس اور بی جے پی ملکر جو ملک میں فسطائیت کو نافذ کرنا چاہتے ہیں اس کے خلاف ہم لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بنگال میں یہ لوگ ایک بار موقع دینے کی بات کر رہے ہیں، ان کو گجرات میں موقع ملا، انہوں نے دنگے کرائے ان کی تاریخ دنگوں سے بھری پڑی ہے، یہ دنگے کراتے ہیں اور اس کی مدد سے اقتدار حاصل کرتے ہیں۔ ہم اس طرح کی سیاست کی مخالفت کرتے ہیں۔ ان کی حکومت نے اب تک جو بھی فیصلے کئے ہیں تمام عوام دشمن ہیں۔